سینئر وزیرٍ پنجاب مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ اسموگ کی وجہ سے اسکولز کو بند کر کے آن لائن کلاسز کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے ایوانِ وزیرِ اعلیٰ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج ایئر کوالٹی انڈیکس نے 1100 سے تجاوز کیا، اس میں ہوا کا رخ ہماری جانب ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ اگر آپ نے ماسک نہیں پہنا تو میتھین گیس کو اپنے اندر داخل کر رہے ہیں، ماسک کو لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
سینئر وزیرِ پنجاب نے کہا کہ ملتان، لاہور، قصور، شیخو پورہ، گوجرانوالہ اس وقت سب سے زیادہ متاثر ہیں، بچوں کو آن لائن اسکولنگ کی طرف لے کر جائیں کیونکہ ہم ہائیر سیکنڈری تک تمام اسکولز بند کر رہے ہیں، اسکولز کی بندش گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ملتان ڈویژنز میں ہو گی۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ اسموگ کے باعث اسکولز کی چھٹی نہیں کر رہے بلکہ ان ڈویژنز میں اسکولز کو آن لائن کر رہے ہیں، 17 نومبر تک آن لائن کلاسز کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے شہریوں سے اپیل کی کہ بچوں کو باہر نہ نکالیں، کھڑکیاں دروزے بند رکھیں۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ پبلک اور پرائیویٹ 50 فیصد کام آن لائن ہو گا، اس وقت جو حالات ہیں، ہماری توجہ صرف صحت ہے۔