اسلام آباد (آئی این پی ) گندھارا ڈی ایچ اے اور مقامی گروپ کی شراکت سے اسلام آباد کا پہلا پریمیئر تھیم پارک قائم کیا جائے گا۔ اس حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ پریمئیر تھیم پارک جدید سہولتوں سے مزین بڑا تفریحی مرکز ہو گا۔ 1400 کنال پر محیط اس پارک کو بین الاقوامی حفاظتی اور آپریشنل معیارات کے مطابق ڈیزائن کیا جائے گا۔ گروپ کے سی ای او سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ یہ تھیم پارک نہ صرف سیر و تفریح کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرے گا بلکہ سیاحت کے شعبے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا جس سے اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا۔ اس سے سیاحت کو فروغ ملے گا، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور ماحول دوست طریقوں کی بدولت ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم سے کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ سردار یاسر الیاس نے کہا کہ سیاحت نہایت منافع بخش صنعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی ترقی کیلئے جامع سیاحتی پالیسی تیار کرنے کی فوری ضرورت ہے۔