راولپنڈی (راحت منیر/ اپنے رپورٹر سے) راولپنڈی میں17سال سے سیاست کی نذر ہونے والامنصوبہ مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر ہسپتال(پراناٹی بی ہسپتال)التواء کا شکار ہو چکا ہے۔منصوبہ کی تکمیل کیلئے سول سوسائٹی نےآواز بلند کرتے ہوئے کہاہے کہ راولپنڈی میں تین بڑے سرکاری ہسپتال عوامی ضروریات کیلئے ناکافی ہیں۔بڑھتی ہوئی آبادی کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں ،صحت ، تعلیم اور دیگر سہولیات میں بھی اضافہ ہونا چاہیے تھامگر افسوس ایسا نہیں ہو سکا۔ذرائع کے مطابق مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ کیئر ہسپتال(پراناٹی بی ہسپتال)کی عمارت پر ڈیڑھ ارب روپے سے زائد رقم خرچ ہو چکی ہے۔وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان فٹ بال بنا منصوبہ عدم توجہی کے باعث مکمل ہونے کا نام نہیں لے رہا۔ 2007میں منصوبہ پر کام شروع ہواتھا ۔ ابتدائی لاگت1325ملین روپےتھی جو بعد میں بڑھا کر 3311ملین روپے کردی گئی ۔ہسپتال کا کل رقبہ 105کنال ہے ۔مرکزی عمارت تقریبا70 فی صد، سینے کی بیماری کا شعبہ 98فی صد ، سٹاف کی رہائش 66فیصد ،ڈاکٹر وں کا ہاسٹل 70فیصد مکمل ہوسکا ہے ۔