• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شدید اسموگ، مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کا حکم


لاہور ہائی کورٹ نے شدید اسموگ کے باعث تمام مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت میں اسموگ کے تدارک کے لیے مؤثر اقدامات نہ کرنے کے خلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

جسٹس شاہد کریم نے اپنے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل اسموگ سے متعلقہ سرگرمیوں کو مانیٹر کریں گے، ڈولفن والے بےکار لوگ ہیں، خود دیکھا کہ چند لڑکوں کو سڑک پر پکڑ کر کھڑے تھے۔

اُنہوں نے کہا کہ مینارِ پاکستان کی طرف رات 11بجے گاڑیاں بڑی تعداد میں کالا دھواں چھوڑتی نظر آئیں،11 بجے کے بعد جو گاڑیاں آتی ہیں ان سے اتنا دھواں نکلتا ہے جس کی کوئی حد نہیں۔

جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ کاش افسر باہر نکل کر دیکھیں کہ کیا حالات ہیں، کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے اضلاع میں دفاتر میں بیٹھے رہتے ہیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ کیا ان افسران کی ذمے دار نہیں کہ وہ باہر نکل کر دیکھیں کہ گاڑیاں کتنا دھواں دے رہی ہیں؟

عدالت نے تمام نجی دفاتر میں 2 دن ورک فرام ہوم کرنے، معمول کے دنوں میں  مارکیٹیں رات 8 بجے جبکہ اتوار کے دن مارکیٹیں مکمل بند کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے ٹریفک پولیس کو دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو فوری بند کرنے کی ہدایت بھی کر دی اور اس حوالے سے ڈولفن پولیس کو بھی ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید