• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی پر دسمبر تا فروری ریلیف، گزشتہ سال کے مقابلے میں اضافی استعمال پر فلیٹ ریٹ 26.07 روپے ہوگا

اسلام آباد(نمائندہ جنگ )وزیراعظم شہباز شریف نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے فلسفہ خودی پر عمل پیرا ہو کر ملکی معیشت کو مستحکم اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ ہم بحیثیت قوم محنت، محنت اور صرف محنت کو اوڑھنا بچھونا بنا کر پاکستان کو عظیم تر بنائیں گے‘ عوام کو ریلیف دینے کیلئے دسمبر 2024ءتا فروری 2025ءتین ماہ کیلئے بجلی سہولت پیکیج کے تحت قیمتوں میں نمایاں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔

 گھریلو صارفین کیلئے اضافی بجلی کے استعمال پر فلیٹ ریٹ 26 روپے7پیسے ہوگا‘ مجموعی طور پر گھریلو صارفین کو 11 روپے 42 پیسے سے 26 روپے فی یونٹ تک بچت ہو گی‘صنعتوں کو مجموعی طور پر 5 روپے 72 پیسے سے 15 روپے 5 پیسے فی یونٹ بچت ہو گی۔

 صنعتوں کیلئے مجموعی طور پر 18 سے 37 فیصد تک بجلی کے نرخوں میں کمی آئے گی، کمرشل صارفین کیلئے 13 روپے 46 پیسے سے 22 روپے 71 پیسے فی یونٹ بچت ہو گی ، مجموعی طور پر کمرشل استعمال پر 34 سے 37 فیصد بچت ہو گی۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یوم اقبال کے حوالہ سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے نوجوانوں کو خود داری کا پیغام دیا، برصغیر کے مسلمانوں کو پیغام دیا، ہمیں اس پیغام کو سمجھنے کی ضرورت ہے، کیا وجہ ہے کہ ہم اس پیغام کو بھول گئے اور آج 77 سال بعد بھی پاکستان آئی ایم ایف کے قرضوں میں جکڑا ہوا ہے۔ہم قرآن پاک، حضور اکرمﷺ کی تعلیمات اور علامہ اقبال کے فرمودات کو بھول گئے‘ جو قومیں ہم سے پیچھے تھیں وہ ہم سے آگے نکل گئیں اور ہم منزل کی جانب ابھی تک گامزن ہیں‘موجودہ حکومت علامہ اقبال کے خودی کے پیغام کو لے کر آگے بڑھ رہی ہے‘ ہم نے وفاقی حکومت کے اخراجات پر قدغن لگائی ہے‘حالیہ مہینوں میں ملکی معاشی صورتحال میں بہتری آئی ہے‘مہنگائی اورشرح سودکم ہوئی ہے ‘اس سے سرمایہ کاری اور برآمدات میں اضافہ ہو گا، زرعی ترقی ہو گی اور لاکھوں لوگوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے۔ 

پاکستان اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گا‘ہمیں اپنی قوم کی تقدیر بدلنی ہے ۔ 

اس موقع پر بجلی صارفین کیلئے ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجلی کی لاگت میں کمی سے پیداوار، صنعت، زراعت، کاروبار اور برآمدات میں اضافہ ہو گا، معیشت مزید مستحکم ہو گی۔

اس ضمن میں آئی ایم ایف کا بھی شکرگزار ہوں، امید ہے کہ یہ آئی ایم ایف کا آخری پروگرام ہو گا، اس کے بعد ہمارا ملک اپنے پاؤں پر کھڑا ہو گا اور ہم اپنے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

اہم خبریں سے مزید