• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین، پاکستان کا مشترکہ دشمنوں سے نمٹنے کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق

راولپنڈی( رپورٹ حنیف خالد ) چین ، پاکستان کا مشترکہ دشمنوں سے نمٹنے کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق ،چین کی پی ایل اے آرمی کے کمانڈر جنرل لی چیاؤمنگ اور پاکستان آرمی کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل محمد اویس دستگیر کے درمیان بیجنگ میں پی ایل اے آرمی ہیڈکوارٹرز میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں عالمی اور علاقائی صورتحال میں تبدیلی اور دونوں ملکوں کے درمیان فوجی تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔ ملاقات کے دوران سی جی ایس نے کراچی میں حالیہ دہشت گرد حملے میں چینی شہریوں کے نقصان پر دلی تعزیت کا اظہار کیا اور پاکستان کی جانب سے چینی شہریوں کی سیکیورٹی میں مزید بہتری کے لئے عزم کا اعادہ کیا۔ فریقین نے خطے کے امن اور ترقی کے خلاف کام کرنے والے مشترکہ دشمنوں سے نمٹنے کے لئے باہمی تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔ دفاعی تعاون کے دیگر شعبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور فوجی تعلیم، تربیت، ساز و سامان اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اشتراک کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ فریقین نے تجربات کے تبادلے کے طریقہ کار کو مزید مؤثر بنانے اور باقاعدہ رابطوں کو بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
اہم خبریں سے مزید