کراچی(عبدالماجد بھٹی)وفاقی تحقیقاتی ادارے پاکستان میں دہشت گردی کی حالیہ وارداتوںکو آئی سی سی چیمپنز ٹرافی سبوتاژ کرنے کی سازش قرار دے رہے ہیں۔ بھارت نے ایک دن پاکستان میں آئی سی سی چیمپنز ٹرافی کھیلنے سے انکار کیا اور اگلے کوئٹہ میں معصوم جانوں سے کھیل کر بھارتی بورڈ کے کیس کو مضبوط بنانے کی کوشش کی گئی اور یہ منفی پرو پیگنڈہ کیا گیا کہ پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال اطمینان بخش نہیں ہےآئی سی سی چیمپنز ٹرافی کے ساتھ ان واقعات سے بھارتی سازش کی بو آرہی ہے ۔حددرجہ مصدقہ ذرائع کے مطابق کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والی دہشت گردی کے تانے بانے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے ملتے ہیں یہ واقعہ عین اس وقت ہوا جب ایک دن پہلے بھارت نے آئی سی سی چیمپنز ٹرافی کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔کوئٹہ میں ہفتے کی شب وفاقی تحقیقاتی اداروں نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن کے واقعے کے بارے میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور اعلی سول اور فوجی افسران کو جو بریفنگ دی اس کے مطابق تحقیقاتی اداروں کے پاس مصدقہ اطلاعات ہیں کہ را نے اپنے سہولت کاروں کی مدد سے کوئٹہ میں ایسے وقت دہشت گردی کی جب ایک دن پہلے بھارت پاکستان آکر چیمپنز ٹرافی کھیلنے سے انکار کرچکا تھا۔تحقیقاتی ادارے سمجھتے ہیں کہ بھارت ایسے وقت دھشت گردی کرکے بھارتی کرکٹ بورڈ کے اس موقف کو مضبوط کرنے کی کوشش کررہا ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال اچھی نہیں ہے اس لئے بھارتی ٹیم کے لئے پاکستان کا سفر کرنا خطرے سے خالی نہیں ہے۔ملک میں تحقیقاتی ادارے اس نیٹ ورک کے قریب پہنچ رہے ہیں اور سازش سے پردہ چاک کیا جائے گا۔ایک ذمے دار نے جنگ کو بتایا کہ ان کے پاس کوئٹہ واقعے کے ٹھوس شواہد ہیں جس کی وجہ آئی سی سی چیمپنز ٹرافی کے سلسلے میں پاکستان کے کیس کو کمزور کرنا ہے۔حالانکہ دنیا کی تمام بڑی ٹیمیں پاکستان آکر انٹر نیشنل کرکٹ کھیل رہی ہیں لیکن بھارت کھیل میں سیاست کو ملوث کرکے دھشت گردی کے واقعات کررہا ہے تاکہ پاکستان میں انٹر نیشنل ٹورنامنٹ نہ ہوسکے۔