اسلام آباد(رپورٹ ، تنویر ہاشمی ) ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت پودے لگانے کا ہدف حاصل نہیں کیاگیااورطے شدہ ہدف کے تحت 49 کروڑ40لاکھ پودے نہیں لگائے جاسکے.
2019 سے 2022کے دوران اس پروگرام کےتحت مجموعی طور پر دو ارب33کروڑ23لاکھ30ہزار پودے لگائے جانے تھے لیکن یہ ہدف حاصل نہیں کیا جاسکا اور ایک ارب 83 کروڑ 85 لاکھ 90 ہزار پودے لگائے گئے.
ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کی اسپیشل آڈٹ رپورٹ کے مطابق اس منصوبے کے تحت خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان ، پنجاب ، آزاد کشمیر اور وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں شجر کاری کی جانی تھی اور اس کیلئے مجموعی طور پر 109ارب38کروڑر وپے کی رقم مختص کی گئی ،اس پروگرام کیلئے وفاقی حکومت ، صوبائی حکومت اور پلاننگ کمیشن کی جانب سے سالانہ بنیاد پر فنڈ جاری کیے گئے .
وزارت منصوبہ بندی نے جنگلات کی مد میں اس پروگرام کیلئے سال 2019سے 2022 کے دوران 34 ارب 41کروڑ30لاکھ کے فنڈز جاری کیے ، جبکہ مجموعی طور پر 83 ارب 52 کروڑ 50 لاکھ روپے کے فنڈز مختص کیے گئے تھے ، آڈٹ رپورٹ کے مطابق ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت 15ارب59کروڑ30روپے وائلڈ لائف کے تحت مختص کیے گئے تھے ۔