اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کی ماہ رنگ بلوچ کا نام سفری پابندی کی فہرست سے نکالنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ۔ گزشتہ روز سماعت کے دوران ماہ رنگ بلوچ کے وکلا ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ عدالت میں پیش ہوئے۔ ایمان مزاری ایڈووکیٹ نے کہاکہ ماہ رنگ بلوچ نے ٹائمز گالا کیلئے نیو یارک جانا تھا۔ چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ ای سی ایل میں یہ تو نہیں لکھا ہو گا ، قانونی دلائل دیں۔چیف جسٹس نے استفسار کیاکہ مجھے یہ بتائیں جب ماہ رنگ بلوچ کو روکا گیا اس وقت ان کا نام کس لسٹ میں تھا؟آپ پی این آئی ایل کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔ای سی ایل کے پورے رولز ہیں ، آپ نے تو اسسٹ نہیں کرنا ، آپ چاہتے ہیں جج ہی سب کریں ، شکریہ میں اس کو دیکھ لیتا ہوں۔