راولپنڈی (ناصر چشتی، خصوصی نمائندہ) راولپنڈی بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے میٹرک امتحانات 2016ء کے نتائج کا اعلان کر دیا۔ کامیاب امیدواروں کا تناسب 71.35 فیصد رہا۔ بورڈ میں پہلی پوزیشن کیڈٹ کالج چوا سیدن شاہ کے ثاقب جاوید نے 1070 نمبر لے کر حاصل کی جبکہ فوجی فاؤنڈیشن گرلز ہائی سکول جنڈ اٹک کی سیمابی سحر نے 1069 نمبر لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی ، کیڈٹ کالج حسن ابدال کے محمد صمید عالم نے بھی 1069 نمبر لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔ تیسری پوزیشن بھی دو امیدواروں نے حاصل کی۔ صدیق پبلک سکول کے محمد ابوبکر نے 1068 اور کیڈٹ کالج حسن ابدال کے زاہد علی نے 1068 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ سائنس گروپ بوائز میں پہلی پوزیشن کیڈٹ کالج چوا سیدن شاہ چکوال کے ثاقب جاوید نے 1070 نمبر لے کر پہلی، محمد صمید عالم نے 1069 نمبر لے کر دوسری اور صدیق پبلک سکول کے محمد ابوبکر نے 1068 نمبر لے کر اور کیڈٹ کالج حسن ابدال کے زاہد علی نے بھی 1068 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ سائنس گروپ گرلز میں فوجی فاؤنڈیشن سکول جنڈ کی سیمابی سحر نے 1069 نمبر لے کر پہلی ریڈینٹ سکول کری روڈ راولپنڈی کی صوبینہ مجیب نے 1065 نمبر لے کر دوسری اور 2 طالبات نے تیسری پوزیشن حاصل کی، مینر پبلک سکول چکوال کی ریتابع عروج نے 1063 اور ریڈینٹ سکول کری روڈ کی قرۃ العین نے بھی 1063 نمبر لے کر سائنس گروپ گرلز میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ جنرل گروپ بوائز میں پنڈوری گورنمنٹ ہائی سکول کے آفاق کمال نے 926 نمبر لے کر پہلی، دارالعلوم پیر سید احمد شاہ ہمدانی فتح جنگ کے محمد بلال نے 924 نمبر لے کر دوسری اور جامع بیت السلام ساغر تلہ گنگ کے انیق اطہر نے 919 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ جنرل گروپ گرلز میں گرائمر پبلک سکول سیٹلائٹ ٹاؤن کی حرین مجید نے 995 نمبر لے کر پہلی، گرائمر سکول کی نعمت نمبرا نے 991 نمبر لے کر دوسری اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ساہیلا جہلم کی زینب نے 981 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ امتحانات میں کل ایک لاکھ 21 ہزار 981 امیدوار شامل ہوئے جس میں 67029 کامیاب اور 34761 فیل ہوئے۔