اسلام آباد ( ایوب ناصر، خصوصی نامہ نگار ) جڑواں شہروں میں ڈکیتی، سرقہ بالجبر ، سٹریٹ کرائم،نقب زنی اور چوری کی 61وارداتوں میں نقدی ، زیورات ، دیگر قیمتی سامان کے علاوہ 4 گاڑیاں، 23 موٹر سائیکل، 17موبائل اڑا لئے گئے۔ ایک کار،4موٹر سائیکل 14موبائل فونزاور لاکھوں کی نقدی اسلحہ کی نوک پر جبکہ3موبائل فون جھپٹا مار کر چھین لئے گئے۔ 8گھروں کے تالے ٹوٹ گئے اور چورنقدی اور زیورات کے علاوہ دیگر قیمتی گھریلو سامان لے اڑے۔وفاقی دارالحکومت میں 12وارداتوں میں لاکھوں روپے کی نقدی و زیورات ، دو کاریں،6موٹر سائیکل، اور2موبائل فون اڑا ئے گئے اور تین گھروں کے تالے ٹوٹ گئے ۔ تھانہ سٹی کے علاقے محلہ رحمت آباد میں پٹرول پمپ کے کیشئر یاسر رضا سے دو نامعلوم مسلح افراد 19900 روپے ، ،تھانہ صادق آباد کے علاقے ڈھوک کالا خان سے تین نا معلوم مسلح افراد 20 ہزار نقدی اور دو موٹر سائیکل کی بک لے کر چلتے بنے ۔ تھانہ سول لائن کے علاقے ڈھوک چراغ دین کے قریب نرسری پل پر اسلحہ کی نو ک پر موٹر سائیکل اور 30 ہزار ، تھانہ روات کے علاقے میں دائود سے دو پیدل مسلح افراد موٹرسائیکل اور موبائل چھین کر لے گئے ۔ تھانہ صدر واہ کینٹ کے علاقے ماڈل ٹاون فیز 2 کے رہائشی محمد شاہزیب کے فلیٹ سے 6 لاکھ چوری ہو گئے۔ دریں اثناء لال مسجد واقعہ میں اسلحہ چوری کے کیس میں بر طرف ہونے والے پولیس اہلکار ظہیرالدین کو شہریوں نے ایف ایٹ میں چوری کرتے ہوئے پکڑ کر مارگلہ پولیس کے حوالے کر دیا ۔ملزم بری امام کا رہائشی ہے جس پر تھانہ بنی گالہ ،سیکرٹریٹ مارگلہ میں متعدد بار چوری کے حوالے سے مقدمات درج ہوچکے ہیں۔