راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر)پنجاب پولیس کے لئے ایک لاکھ 34ہزار یونیفارم تیارکروالئے گئے ،صوبہ بھرمیں ملازمین کو نئے یونیفارم کی فراہمی جلد شروع کردی جائے گی۔ پنجاب پولیس کی نئی یونیفارم کی خریداری کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے 90کروڑ روپے مختص کئے گئے تھے اورآئی جی پولیس پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے یونیفارم کی خریداری کے لئے30 نومبر کی ڈیڈ لائن مقررکی تھی تاہم اس سے قبل ہی ایک نجی کمپنی سے بنوائی گئی نئی وردیاں تیار ہوکر پنجاب پولیس کومل گئی ہیں ۔فورس کو موسم سرمامیں ٹھنڈ سے بچانے کے لئے ایک لاکھ 34ہزارباڈی وارمرزبھی تیارکروائے گئے۔ذرائع کاکہنا ہے کہ اس مرتبہ پنجاب پولیس کے ملازمین کو دوکی بجائے صرف ایک اولیو گرین یونیفارم اور باڈی وارمر ملے گا ۔پولیس رولزکے تحت ہرسال پنجاب پولیس کے ملازمین کودو یونیفارم اوربیلٹ وغیرہ فراہم کی جانی چاہئیے،اسی طرح تین سال بعدبوٹوں کی جوڑی ، سویٹر اورپانچ سال میں جیکٹ فراہم کرنامحکمہ کی ذمہ داری ہے۔ذرائع کاکہنا ہے کہ پنجاب پولیس کے لئے بلٹ پروف جیکٹس ،ہیلمٹ اور دیگرسامان بھی خریداجائے گا۔