راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) راولپنڈی کی پانی ضروریات پوری کرنے کیلئے چہان ڈیم سے واٹر سپلائی سیٹ اپ اور دادوچھا ڈیم کیلئے لینڈ ایکوزیشن ایوارڈز کے اعلان کے بعد معاوضوں کی ادائیگیاں شروع ہو گئیں ۔چہان ڈیم سےواٹر سپلائی کیلئےواٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ،پمپنگ اسٹیشن،نیٹ ورکنگ اور پائپ لائنوں کیلئے 157 کنال دو مرلہ136فٹ اراضی کی لینڈ ایکوزیشن پر لاگت 98کروڑ22 لاکھ59 ہزار311روپے ہےجو موضع چہان،شیخ پور،گرجا،مورگاہ ،رنیال کے مالکان اراضی ملنے شروع ہوگئے ہیں۔دادوچھا ڈیم کیلئے تحصیل کلر سیداں میں1820کنال15مرلہ اراضی کی ایکوزیشن کیلئے مالکان اراضی کو 41کروڑ 10لاکھ53ہزار541روپے کی ادائیگی شروع کی جارہی ہے۔چہان ڈیم واٹر سپلائی سکیم سے30لاکھ کے لگ بھگ شہریوں کو پینے کےپانی کی فراہمی ہوگی جبکہ دادوچھا ڈیم سے راولپنڈی شہر کو 35 ملین گیلن روزانہ پانی فراہم ہو گا ۔ذرائع کے مطابق اس وقت بھی راولپنڈی میں تقریبا روزانہ پانچ ملین گیلن پانی کی کمی ہے۔شہریوں کی ضرورت61ملین گیلن روزانہ ہے جبکہ56ملین گیلن روزانہ مل رہا ہے۔ماہرین کے مطابق 2030کے اختتام تک راولپنڈی و کینٹ کی یومیہ طلب120ملین گیلن ہوجائے گی۔