اسلام آباد( جنگ نیوز ) پاکستان سویٹ ہوم کے چیئرمین زمرد خان نے کہا ہے کہ ڈاکٹر محمد امجد ایک بہترین منتظم ہیں، سیاست میں ان کا وسیع تجربہ ہے، پاکستان مسلم لیگ کی قیادت کی طرف ان کی بطور چیف آرگنائزر تقرری خوش آئند ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ہاؤس میں ڈاکٹر محمد امجد اور پارٹی کے دیگر عہدیداروں سے ملاقات میں کیا۔ انہوں نے ڈاکٹر محمد امجد کو ان کی تقرری پر مبارکباد دی اورگلدستہ بھی پیش کیا۔ ڈاکٹر محمد امجد نے زمرد خان کا شکریہ ادا کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ پارٹی کو منظم، مضبوط اور فعال کرنے کے لئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی مسز فرخ خان، سابق صوبائی وزیر کنور دلشاد، غلام مصطفیٰ ملک، مہرین ملک آدم، جہانزیب امجد عاطف مغل اور دیگر بھی موجود تھے۔