کراچی( اسٹاف رپورٹر )سپر ہائی وے کے قریب سے خاتون کی تشدد زدہ لاش ملی۔تفصیلات کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا تھانے کی حدود سپر ہائی وے چاکر ہوٹل سرورس روڈ کے ساتھ جھاڑیوں سے ایک خاتون کی لاش ملی جس کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا ۔ایس ایچ او خالد عباسی کے مطابق خاتون کے جسم پر تشدد کے نشان ہیں اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اسے کہیں اور قتل کر کے لاش کو مذکورہ مقام پر پھینکا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ لاش پرانی نہیں ہے ۔متوفیہ کی عمر 25 سے 27 برس ہے تاہم تلاش ڈیوائس کی مدد سے اس کی شناخت نہیں ہو سکی ہے جس کے بعد اس کے فنگر پرنٹ کے نمونوں کو شناخت کے لیے نادرا بھیجا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی متوفیہ کی وجہ موت کا تعین ہو سکے گا۔