کراچی(اسٹاف رپورٹر) بلدیہ ولایت علی شاہ مزار کے قریب تیز رفتار بس کی ٹکر سے 13سالہ عبدالطیف جاں بحق ہوگیا جبکہ متوفی کی11سالہ بہن سعید ہ،5سالہ بھائی عبداللہ اور والد 50سالہ عبدالرب زخمی ہوگئے،عبدالرب اپنے تینوں بچوں کو اسکول لے کر جارہا تھا کہ تیز رفتار منی بس نے انکی موٹر سائیکل کو ٹکر ماردی ، جاں بحق اور زخمی ہونے والے یوسف گوٹھ کے رہائشی ہیں ،پولیس کاکہنا ہےکہ حادثہ کی ذمہ دار منی بس ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگیا ، لیاری ایکسپریس وے گلبائی کے قریب تیز رفتار جیپ الٹ گئی جس کے نتیجے میں سوار 20سالہ علی احمد جاں بحق ،20 سالہ عبدالاحد، 19 سالہ رمضان اور 21 سالہ علی زخمی ہوگئے ،پولیس کے مطابق جیپ میں متوفی نوجوان سمیت 7 نوجوان سوار تھے جو ہاکس بے پر پکنک منانے کے بعد لیاری ایکسپریس وے سے گلشن معمار جا رہے تھے ، حادثہ جیب کا ٹائر پھٹنے سے ہوا، فشری گیٹ نمبر 1 کے قریب تیز رفتارگاڑ ی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار نوجوان زخمی ہوگیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا، لاش کو سرد خانے منتقل کردیا گیا،دریں اثنا کلری کے علاقے میں 6 نومبر کو ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہونے والا 33 سالہ ظہیر دوران علاج پیر کو اسپتال میں دم توڑگیا ۔