اسلام آباد( جنگ نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و ممبر بورڈ آف گورنرز ادارہ نظریہ پاکستان راجہ محمد ظفر الحق نے کہا ہے کہ علامہ محمد اقبال انسانی مساوات کی لافانی علامت ہیں۔ وہ طاقتور کے ہاتھوں کمزوروں کے معاشی اور سیاسی استحصال کے خلاف سب سے بلند اور خوبصورت آواز تھے۔ ان کی میراث نسلوں کو متاثر کرتی رہتی ہے۔ ان کا کام ان کی فکری ذہانت اور شاعرانہ مہارت کا ثبوت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام علامہ اقبال کے یوم پیدائش کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے ادارہ نظریہ پاکستان کے وائس چیئرمین سنیٹر مشاہد حسین سید ، صدر ایکس سروس مین سوسائٹی اور ممبر بورڈ آف گورنرز ادارہ نظریہ پاکستان جنرل(ر) عبدالقیوم ،ممبر بورڈ آف گورنرز، ادارہ نظریہ پاکستان، بیرسٹر ولید اقبال ،سیکرٹری جنرل یو بی جی ظفر بختاوری ،سینئر نائب صدر عبدالرحمن صدیقی اور نائب صدر ناصر محمود چوہدری نے بھی خطاب کیا۔راجہ ظفر الحق نے کہاکہ برصغیر کے مسلمانوں کے لئے ایک علیحدہ وطن کے لئے اقبال کا وژن پاکستان کی تخلیق کے پیچھے ایک محرک ہے۔روحانی اور فلسفیانہ موضوعات سے مزین ان کی شاعری نسلوں کو متاثر کرتی رہے گی۔ بیرسٹر ولید اقبال نے اپنے دادا کی بطور شوہر، باپ، بیٹے، دوست خصوصیات پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال ایک عظیم قومی رہنما سے لے کر شوہر اور باپ تک آئیڈل شخصیت تھے۔ جنرل (ر)عبدالقیوم نے کہا کہ مسلمانوں کو امتیازی اور جبر کے دور میں ہر قسم کے حقوق اور آزادیوں سے محروم رکھا گیا تھا ،پاکستان اور دو قومی نظریہ حقیقت میں حضرت مجدد الف کے مشن کی تکمیل تھی جس کی بنیاد علامہ محمد اقبال نے رکھی۔ انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت نازک ترین دور سے گزر رہا ہے لہذا ہر پاکستانی بالخصوص نوجوانوں پر لازم ہے کہ وہ متحد رہیں اور ملک کی خاطر قربانیاں دینے والی مسلح افواج کے خلاف دشمنوں کے پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں۔ سنیٹر مشاہد حسین سید نے عوام بالخصوص نوجوانوں میں نظریہ پاکستان کے بارے میں آگاہی پھیلانے کے مشن کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے اور ملک کو درپیش موجودہ چیلنجز پر قابو پانے کے لئے اتحاد کے ساتھ آگے بڑھنے کا بھی مطالبہ کیا۔ممبر بورڈ آف گورنرز، ادارہ نظریہ پاکستان اور سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ ظفر بختاوری نے کہا کہ یوم اقبال ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اگر ہم سماجی، معاشی اور علمی میدانوں میں ترقی کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں فکر اقبال کو اپنے اندر ضم کرنا ہوگا۔ سینئر نائب صدر عبدالرحمن صدیقی اور نائب صدر ناصر محمود چوہدری نے کہا کہ ہماری آنے والی نسلوں کے لئے علامہ اقبال کے تصور کے مطابق پاکستان کی تعمیر کا عہد کرنے کی ضرورت ہے۔