کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کے الیکٹرک ہیڈ آفس گذری پر عوامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کے الیکٹر ک اور حکومت کی عوام دشمنی اور ظالمانہ فیصلوں کا بوجھ کراچی کے عوام نہیں اٹھائیں گے،کے الیکٹرک کا 7سالہ ڈالر بیسڈ جنریشن ٹیرف کسی صورت قبول نہیں، کے الیکٹرک کا لائسنس فوری منسوخ اور فرانزک آڈٹ کرایا جائے اور کراچی کے عوام کو سستی بجلی فراہم کی جائے،لوڈشیڈنگ ختم کی جائے،جماعت اسلامی کی عوامی جدوجہد کے باعث ملک بھر میں آئی پی پیز کی لوٹ مار بے نقاب ہوئی اور حکومت اب آئی پی پیز سے ڈالر بیسڈ معاہدے ختم کررہی ہے لیکن دوسری طرف کے الیکٹرک سے ڈالر بیسڈ معاہدے کرکے اسے نوازرہی ہے، نیپرا کے الیکٹرک کے لیے ربڑ اسٹیمپ بنا ہوا ہے، کراچی کی عوام کے خلاف حکومت،نیپرا اور کے الیکٹرک کا شیطانی اتحاد ہرگز نہیں چلنے دیں گے،کے الیکٹرک کی لوٹ مار کے خلاف کراچی کے عوام کا مقدمہ لڑتے رہیں گے، سڑکوں پر احتجاج اور دھرنے سمیت عدالتی راستہ بھی اختیار کریں گے، 28نومبر کو کے الیکٹرک کے حوالے سے نیپرا سماعت میں بطور پٹشنر شریک ہوں گے، ایم کیوایم، پیپلز پارٹی اور ن لیگ سمیت دیگر پارٹیوں کی طرح کراچی کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، بجلی کے بھاری بلوں کی صورتحال یہ ہے کہ گھروں کے کرایوں سے زیادہ بجلی کے بل ہوگئے ہیں۔