کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے انویسٹمنٹ کے نام پر شہریوں سے 15 ارب روپے کے فراڈ کے معاملے پر ڈی جی نیب، چیئرمین نیب اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر بیانِ حلفی طلب کرلئے، انویسٹمنٹ کے نام پر شہریوں سے بڑے پیمانے پر فراڈ کے معاملے پر ڈی جی نیب، چیئرمین نیب اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی، درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ایک ہزار سے زائد شہریوں کے ساتھ انویسٹمنٹ کے نام پر 15 ارب سے زائد کا فراڈ کیا گیا، نیب کی طرف سے باضابطہ تحقیقات نہیں کی گئیں۔ وکیل کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ کی مرضی کے مطابق تحقیقات نہیں ہونگی، آپ کی درخواست نمٹا دی گئی تھی، عدالتی آرڈر کے مطابق تحقیقات ہوچکی ہیں ، یہ کوئی زندگی بھر چلنے والا کیس نہیں ہے، عدالت نے توہین عدالت کی درخواست پر فریقین سے 2 ہفتوں میں بیان حلفی طلب کرلئے۔