بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل) ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کا استعمال کرنے پر پکڑے جانے والے ڈرائیورز کی شرح سب سے زیادہ بریڈ فورڈ میں ہے۔ نئے اعداد و شمار کے مطابق بریڈ فورڈ میں سب سے زیادہ ڈرائیورز کو پکڑا گیا ہے جو ڈرائیونگ کے دوران اپنے موبائل فون کا استعمال کرتے ہیں۔ ڈائینشور (Dayinsure ) کار انشورنس ماہرین نے ڈی وی ایل اے سے ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کا استعمال کرنے والوں کی تعداد کا ڈیٹا معلوم کرنے کیلئے انکوائری کی ہے جس سے انکشاف ہوا ہے کہ برطانیہ میں بریڈفورڈ شہر کے ڈرائیورز پر دوران ڈرائیونگ فون کا استعمال کرنے پر جرمانے ہوئے، پچھلے چار سال میں ہر 163میں سے ایک مقامی ڈرائیور کے خلاف ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کا غیر قانونی استعمال کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا ۔ بریڈفورڈ شہر میں اس جرم کی شرح قومی اوسط سے 2.5گنا زیادہ ہے جو کہ ہر 427میں سے ایک ہے، مجموعی طور پر بریڈ فورڈ کے ڈرائیورز کو 2020-2023کے دوران ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون استعمال کرنے پر 2242مرتبہ پکڑا گیا، 2023میں جرائم کی تعداد (820) جو کہ 2020 (168) کے مقابلے میں چار گنا زیادہ تھی۔ 2020 میں DVLA کے ڈیٹا کے مطابق برطانیہ میں 6431 لائسنس ہولڈرز کو ڈرائیونگ کے دوران فون استعمال کرنے پر جرمانہ عائد کیا گیا تھا جب کہ تازہ ترین اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ سال 2023تک 39085 کل جرائم بڑھ گئے ہیں جو 107یومیہ کے برابر ہے۔ 2003سے انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ یا ویلز میں گاڑی چلاتے ہوئے فون پر بات کرنے، پیغامات بھیجنے یا انٹرنیٹ تک رسائی کے لیے ہاتھ میں پکڑے ہوئے موبائل فون یا اس جیسی ڈیوائس کا استعمال کرنا جرم قرار دیا گیا ہے ۔ موبائل فون استعمال کرنے والے ڈرائیورز کے روڈ ٹریفک حادثات میں اضافے کے بعد قانون میں ترمیم کی گئی اور 25 مارچ 2022 سے ڈرائیورز کو کسی بھی وجہ سے ہاتھ میں فون پکڑ کر استعمال کرنے والوں کو200پونڈ جرمانہ اور06 پنالٹی پوائنٹس دیئے جائیں گے ،اس کا مطلب ہے کہ ایک مجرم صرف دو جرائم کے بعد اپنا لائسنس کھو دے گا اور نئے ڈرائیورز کے لیے جن کے پاس دو سال سے کم عرصے کا لائسنس ہے، ایک جرم ڈرائیونگ پر پابندی کا باعث بنے گا۔ ڈیٹا پر تبصرہ کرتے ہوئے Dayinsure کے آپریشنز ڈائریکٹر نکولس شا نے کہا کہ اگرچہ آپ کے فون کے وائبریٹ ہونے یا روشن ہونے پر اسے چیک کرنا ایک عمومی بات ہو سکتی ہے لیکن گاڑی چلاتے ہوئے سڑک پر سے توجہ ہٹنے سے حادثات کا امکان بڑھ جاتا ہے، دوران ڈرائیونگ کسی پیغام یا سوشل میڈیا نوٹیفکیشن کی فوری جانچ آپ کی زندگی یا دوسروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال سکتی ہے،اگر آپ کو اپنا فون استعمال کرنے کی ضرورت ہے تو پہلے ایک محفوظ جگہ تلاش کریں اور اپنا انجن بند کریں اور پھر فون استعمال کریں۔