مانچسٹر (علامہ عظیم جی)صاحبزادہ شاہد صدیق سجادہ نشین پیر صاحبزادہ صدیق احمد نقشبندیؒ بانی انجمن گلزار مدینہ گجرات پاکستان نے کہا ہے کہ پاکستان میں تمام اسکولز میں پرائمری سے کالج کی سطح تک طلبہ کو ناظرہ قرآن پاک کی تعلیم اور حضور اکرمﷺ کے اخلاق حمیدہ کی تعلیمات کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے تاکہ نئی نسل کو قرآن کریم کی تعلیمات سے روشناس کرایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلیک سٹون کی طرف سے تقریب کے موقع پر کیا۔ صاحبزادہ شاہد صدیق نقشبندی نے کہا کہ پاکستان میں صوبائی ،لسانی اور مذہبی منافرت کو کم کرنے کیلئے مہم شروع کی جا رہی ہے تاکہ پاکستان جس مقصد کیلئے حاصل کیا گیا تھا اس کی تکمیل کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو قرآن کریم کی تعلیمات سے آراستہ کرنے سے پاکستان میں پیدا نفرتیں اور ہوس کو ختم کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انسانیت کی بھلائی اور باالخصوص امت مسلمہ کے باہمی اتحاد اور اس کی نشاط ثانیہ کو واپس لانے کیلئے قائم ہوا تھا، انہوں نے کہا کہ بد قسمتی سے پاکستان کے حکمران ،اپوزیشن رہنما اوربعض سماجی اور مذہبی رہنما مقاصد قیام پاکستان سے پہلوتہی کئے ہوئے ہیں اور صرف اپنے مقاصد کیلئے زندگی بسر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں برطانیہ اور اوورسیز میں رہنے والے محب وطن پاکستانیوں کی بڑی تعداد ہمارے ساتھ قرآن پاک کی تعلیمات کو عام کرنے اور پاکستان میں انتہا پسندی کے خاتمےکیلئے متفق ہے، انشاءاللہبہت جلد اس سلسلے میں پاکستان میں کام شروع کر دیں گے ۔انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ قیام پاکستان کے مقاصد کی تکمیل کیلئے اپنے خاندانوں کو قران پاک کی تعلیم کی طرف راغب کریں ۔صاحبزادہ شاہد صدیق نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم پاکستان کے مختلف مذہبی اختلاف رکھنے والے گروپسں اور فرقوں سے اپیل کریں گے کہ وہ قرآن پاک کی تعلیمات پر باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھ دیں۔