پیرس (نیوز ڈیسک) پیرس پولیس نے کہا ہے کہ فرانس اور اسرائیل کے درمیان فٹ بال میچ کی سیکورٹی یقینی بنانے کیلئے چار ہزار پولیس اہلکار اور 1600افراد پر مشتمل اسٹیڈیم کا عملہ تعینات کیا جائے گا۔ خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق صدارتی محل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فرانس اور اسرائیل جمعرات کو یو ای ایف اے نیشنز لیگ کا ایک میچ کھیل رہے ہیں جس میں فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون بھی شرکت کریں گے۔ پیرس پولیس کے سربراہ لارینٹ ننیز نے فرانسیسی نیوز براڈکاسٹر بی ایف ایم ٹی وی پر کہا کہ فرانس کے دارالحکومت کے شمال میں سٹاڈ ڈی فرانس سٹیڈیم کے ارد گرد 2500پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے، اس کے علاوہ 1500دیگر اہلکار پیرس میں اور پبلک ٹرانسپورٹ پر تعینات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فرانسیسی منتظمین میچ کی تیاری کے لیے اسرائیلی حکام اور سیکورٹی فورسز سے رابطے میں ہیں۔ فرانس کے وزیر داخلہ برونو ریٹیلیو نے گزشتہ جمعے کو تصدیق کی تھی کہ فرانس اور اسرائیل کا میچ شیڈول کے مطابق منعقد ہو گا۔