بر منگھم( پ ر)اسلام کی تعلیمات ہر زمانے کے انسانوں کے لیے روشنی کا مینار ہیں۔دین اور دنیا کی تفریق اسلام کی مجموعی تعلیمات کے خلاف ہے۔ان خیالات کا اظہار تحریک کشمیر بر طا نیہ کے نائب صدر مفتی عبدا لمجید ندیم نے ہینڈز ورتھ اسلا مک سنٹر میں ہفتہ وار اجتماع سے خصوصی خطا ب کرتے ہو ئے کی۔ انہوں نے کہا کہ ہر وہ کام جو شریعت کے دائرے میں کیا جائے اجر و ثواب کا باعث ہے۔زندگی کے تما م معاملات میں الہامی قوانین و ضوابط کی پا بندی کرنا عبا دت کی معراج ہے۔مفتی عبدالمجید ندیم کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ مسلمانوں کے دینی زعماء اسلام کے انقلابی تصور کو لوگوں کے سامنے تفصیل سے پیش کریں۔ان کا فرض ہے کہ وہ عوام الناس کو جہاں نماز ،روزے، حج و زکوٰۃ کے بارے میں آگاہی دیتے ہیں وہیں یہ بھی بتائیں کہ معاشرتی، سیاسی اور معاشی زندگی میں اسلام کی تعلیمات کیا ہیں۔انسان کی تخلیق کا بنیا دی مقصد اس کائنا ت میں عبادتِ الہٰی،خدمتِ انسانیت اور امن و سکون کے نظام کو قائم کرنا ہے۔انسان کو اشرف المخلوقات اس لیے قرار دیا گیا ہے کہ اس کے پاس علم و شعور کی وہ صلا حیتیں موجود ہیں جن کے ذریعے وہ سچ و جھوٹ ،حق وبا طل اور درست و غلط کے درمیان تمیز کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج مسلما نوں کا المیہ یہ ہے کہ انہوں نے دین کے تصور کو انتہائی محدود کر دیا ہے۔وہ پوجا پاٹ کے کچھ مراسم اور ظاہری وضع قطع ہی کو ’’دین‘‘ سمجھنے لگے ہیں حالا نکہ دین ِ اسلام کا درست تصور اس قدر وسیع ہے کہ وہ انسان کی پوری زندگی کا احاطہ کیے ہوئے ہے۔