لبنان میں اسرائیلی فورسز کے فضائی حملوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں طبی عملے کے 12 کارکنوں سمیت 59 افراد شہید اور 182 زخمی ہو گئے۔
سربراہ عالمی ادارہ صحت ڈاکٹر تیدروس نے لبنان کے شہری دفاع کے مرکز پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے حملے اب نیا معمول بنتے جا رہے ہیں۔
گزشتہ روز لبنان میں ہونے والے حملے میں طبی عملے کے 12 کارکن شہید ہوئے تھے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ کا بھی مسلسل محاصرہ کر رکھا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں 37 فلسطینی شہید اور 120 زخمی ہوئے۔
یورپی یونین کے خارجہ پالیسی کے چیف جوزف بوریل کا کہنا ہے کہ غزہ میں جاری مسلسل عالمی انسانی قوانین کی خلاف ورزیوں پر یورپی بلاک کے اسرائیل کے ساتھ تجارتی مذاکرات معطل کردینے چاہئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یورپی یونین کے وزرائے خارجہ جوزف بوریل کے مطالبے پر 18 نومبر کو ملاقات کریں گے۔
جوزف بوریل کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکام سے عالمی قوانین کے احترام کی اپیلیں کرنے کے بعد اب اسرائیل کے ساتھ معمول کے تعاون کو جاری نہیں رکھ سکتے۔