پشاور(ایجنسیاں)جےیوآئی (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ صوبے کے عوام کرب سے گزر رہے ہیں اور خیبرپختونخوا کی حکومت کی ساری توجہ سیاست پر ہے‘26ویں آئینی ترمیم کے بعد دھڑا دھڑ قانون سازی اور انسانی حقوق کی پامالی ہو رہی ہے۔پشاور میں الیاس بلور کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کاکہناتھاکہ آج کسی کو بھی پکڑے 90دن تک رکھ سکتے ہیں‘ ایسی قانون سازی کر کے لوگوں کو اپنے ہی ملک میں مشکوک بنادیا گیا ہے۔آئینی ترمیم کی روح کی نفی کرنا قابل مذمت ہے‘ حکومت کو اس پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔صوبے میں سکیورٹی کے معاملات بہت خراب ہیں‘ یہ معاملہ آج سے نہیں بلکہ گزشتہ 15سال سے ہے‘بلوچستان میں بھی یہی صورتحال ہے، حکومتی رٹ کہیں پر بھی نظر نہیں آرہی، حکومتیں عوام کی حفاظت پر توجہ مرکوز کرنے کے بجائے اپنی سیاست پر ساری توانائیاں صرف کررہی ہیں۔