اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف نے9مئی پرتشدد واقعات سے متعلق حکومتی سی سی ٹی وی فوٹیجز کو جعلی قرار دیکر مسترد کر دیا۔ سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حکومت کیا اس قسم کی فوٹیجز کو سی سی ٹی وی فوٹیجز کہتی ہے؟ موبائل سے بنائی گئی ویڈیوز کو حکومت سی سی ٹی وی فوٹیجز کا نام دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ فوٹیجز کو ایڈٹ بھی درست طریقے سے نہیں کیا گیا اور یہ لوگ کیا عوام کو پاگل سمجھتے ہیں سی سی ٹی وی فوٹیجز کا مطلب کیا ہے؟۔ شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ یہ کیا ایک ٹکڑا کہیں اور سے، دوسرا ٹکڑا کہیں اور سے نکالا گیا۔ حکومت پر یقین تو دور کی بات ہم تو اس حکومت کو مانتے ہی نہیں۔ اور اس سے پہلے کہاں انہوں نے ہمارے پرامن احتجاج کو قبول کیا ہے؟۔ ہم جب بھی احتجاج کی کال دیتے ہیں اسلام آباد کنٹینرستان بن جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوٹ لکھپت میں قید پارٹی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کے شکوے میں وزن ہے۔ کیونکہ ان کی پارٹی کے لیے قربانیاں ہیں۔ پی ٹی آئی قیادت کو شاہ محمود قریشی سمیت دیگر اسیران سے بھی ملاقات کرنی چاہیے۔