کراچی (سید محمد عسکری/اسٹاف رپورٹر) محکمہ کالج ایجوکیشن کے سپرنٹنڈنٹ کی رضاکارانہ ریٹائرمنٹ کے باوجود تاحال تنخواہ وصول کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی ای سی ایچ ایس ایجوکیشن فاؤنڈیشن گورنمنٹ ڈگری سائنس کالج کراچی کے آفس سپرنٹنڈنٹ محمد اشفاق خان نے ساٹھ سال پورے کرکے دسمبر2024میں ریٹائر ہونا تھا تاہم اس نے اپنی سرکاری ریٹائرمنٹ سے تقریباً چودہ ماہ قبل31اگست2023کو ازخود رضاکارانہ ریٹائرمنٹ لے لی مگر وہ تاحال تنخواہ وصول کررہا ہے ۔ کالج کے سابق پرنسپل کی جانب سے اے جی سندھ آفس کو مذکورہ آفس سپرنٹنڈنٹ کی تنخواہ بوجہ ریٹائرمنٹ بند کرنے کا سرکاری پروفارما 10نومبر2023کو بھیجا گیا مگر عملے کی ملی بھگت سے تنخواہ بند نہ کی گئی ۔ مذکورہ کالج سپرنٹنڈنٹ موجودہ کالج انتظامیہ کی سرپرستی میں تاحال سرکاری حاضری رجسٹر میں اپنے ہاتھ سے اپنا نام درج کرکے حاضری بھی لگارہا ہے اور خود کو حاضر سروس سپرنٹنڈنٹ بھی ظاہر کرتا ہے، یہی نہیں بلکہ سرکاری اکاؤنٹس آفس کے استعمال سے لیکر تمام سرکاری ریکارڈز، بجٹ، دفتری فائلیں اور باقی دیگر امور پر بھی اسکے قابو میں ہیں مذکورہ ریٹائرڈ سپرنٹنڈنٹ محمد اشفاق خان گزشتہ 14ماہ سے تنخواہوں کی مد میں حکومتی خزانے سے لاکھوں روپے وصول کرچکا ہے ۔ زرائع نے انکشاف کیا کہ کالج کی موجودہ انتظامیہ مذکورہ ریٹائرڈ سپرنٹنڈنٹ کی رضاکارانہ ریٹائرمنٹ سے متعلق نہ تو اے جی سندھ آفس کو کوئی سرکاری مراسلہ بھیجتی ہے نہ تنخواہ بند کرارہی ہے اور نہ ہی مذکورہ ریٹائرڈ سپرنٹنڈنٹ کو سرکاری دفتر کے استعمال اور دفتری ریکارڈز تک رسائی سے روکتی ہے۔ مذکورہ ریٹائرڈ سپرنٹنڈنٹ محمد اشفاق خان روزانہ کالج آتا ہے اور دفتری کمپیوٹر ، سرکاری اعدادو شمار کی حامل حساس فائلیں ، بجٹ اور کالج اکاؤنٹس کے معاملات چلاتا ہے ، یہی نہیں بلکہ ایڈمن آفس کے علاوہ بھی ایک اکاؤنٹس آفس ہے جہاں دفتری اوقات کار کے بعد بھی بیٹھا دفتری اور نجی امور انجام دے رہا ہوتا ہے ۔