• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا میں تیزی سے مقبول ہونے والی ایپ ’بلیو اسکائے‘ کیا ہے؟

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

’بلیو اسکائے‘ نامی ایک ایپ انٹرنیٹ کی دُنیا میں تیزی سے مقبول ہو رہی ہے اور روزانہ لاکھوں کی تعداد میں امریکی شہری اس ایپ پر اپنے اکاؤنٹ بنا رہے ہیں۔

’بلیو اسکائے‘ کے صارفین کی تعداد حال ہی میں تقریباً 16.7 ملین ہو گئی ہے تو اب ذہن میں سوال یہ اُٹھتا ہے کہ آخر اس ایپ میں ایسی کونسی خاص بات ہے کہ یہ اتنی تیزی سے امریکا میں مقبول ہو رہی ہے۔

’بلیو اسکائے‘ کیا ہے؟

’بلیو اسکائے‘ بظاہر سوشل میڈیا ویب سائٹ ’ایکس (سابقہ ٹوئٹر)‘ سے مشابہت رکھتی ہے اور مشابہت کی وجہ یہ ہے کہ دونوں ویب سائٹس کی بنیاد جیک ڈورسی نے ہی رکھی تھی۔

اب سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کے مالک ایلون مسک ہیں جبکہ ’بلیو اسکائے‘ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) جے گرابر ہیں۔

’بلیو اسکائے‘ کی امتیازی خصوصیت یہ ہے کہ اس اپپ پر صارفین اپنے ڈیٹا کو کمپنی کی ملکیت کے بجائے آزاد سرورز پر ہوسٹ کر سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ یہ ویب سائٹ صارفین کو اپنی ضرورت کے حساب سے ڈومینز رکھنے کی سہولت بھی فراہم کرتی ہے۔

’بلیو اسکائے‘ امریکا میں تیزی سے کیوں مقبول ہو رہی ہے؟

 جیک ڈورسی نے ’بلیو اسکائے‘ کی بنیاد 2019ء میں رکھی تھی لیکن اس کی مقبولیت میں اب اچانک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

اس کی وجہ امریکا میں رونما ہونے والی سیاسی تبدیلیاں ہیں وہاں ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ صدر منتخب ہونے اور ان کی انتظامیہ میں ایلون مسک کے شامل ہونے کے بعد بہت سے امریکی شہریوں نے احتجاجاً سوشل میڈیا ویب سائٹ ’ایکس‘ کو خیر باد کہہ دیا ہے۔

سوشل میڈیا ویب سائٹ ’ایکس‘ کو خیر باد کہنے والے امریکی شہریوں نے اس کے متبادل کے طور پر ’بلیو اسکائے‘ کا انتخاب کیا ہے۔

امریکی شہریوں کے علاوہ مشہور برطانوی اخبار ’دی گارڈیئن‘ نے بھی سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس کو ’زہریلا پلیٹ فارم‘ قرار دیتے ہوئے اس کا بائیکاٹ کر دیا ہے اور اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ کو ڈی ایکٹیویٹ کر دیا ہے۔

سائنس و ٹیکنالوجی سے مزید