• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارکان پارلیمان شعبہ صحت مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہیں، سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے  کہ ارکان  پارلیمان شعبہ صحت کو مضبوط بنانےکیلئے پرعزم ہیں،نوجوان ڈاکٹرز صحت کے نظام میں مثبت تبدیلی لانے کی بے پناہ صلاحیت رکھتے ہیں، ان کی محنت، عزم اور ہمدردی اس شعبے کو نئی بلندیوں تک لے جانے میں مدد کریگی ،عام بندہ عدالت میں اپنے کیس اور ہسپتال میں اپنے علاج کیلئے سب کچھ قربان کردیتا ہے ایسے میں اچھے الفاظ اور مسکراہٹ اسے نئی زندگی دیتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کوکالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان (سی پی ایس پی )کے 57ویں کانووکیشن سے خطاب کے دوران کیا جس میں مشیر صحت پنجاب میجر جنرل(ر) اظہر کیانی ، سابق نگران وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر ، ایف سی پی ایس کے صدر ڈاکٹر شعیب شفیع کے علاؤہ دیگر شریک تھے۔ سپیکر نے کہا کہ موجودہ چیلنجز جیسے دیہی علاقوں میں صحت کی خدمات کی فراہمی اور زچہ و بچہ کی صحت میں بہتری آپ کے عزم اور مہارت کے بغیر حل نہیں ہو سکتے۔ادھر سپیکر سردار ایاز صادق سے شام کے سفیر ڈاکٹر رمیز الرائی اور الجیریا کے سفیر براہیم رومانی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں الگ الگ ملاقاتیں کیں۔اس موقع پر ایاز صادق نے شامی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور شام کے مابین تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، جو دونوں ممالک کے عوام کے درمیان گہری ثقافتی، مذہبی اور تاریخی وابستگی پر مبنی ہیں۔الجیریا کے سفیر سے بات چیت کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے کہ پاکستان الجیریا کے ساتھ اقتصادی، تجارتی اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔سپیکر نے الجیریا کے پیپلز نیشنل اسمبلی کے سپیکر کو پارلیمانی وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔
اسلام آباد سے مزید