اسلام آباد ( جنگ نیوز)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے قریب سی پیک پر رہائشی منصوبے Exotica سٹی کی سائٹ پر تقریب ہوئی جس میں شہریوں، سرمایہ کاروں، رئلٹرز اور عمائدین علاقہ نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی صدر فیڈریشن آف رئلٹرز پاکستان سردار طاہر تھے جبکہ حکومت پنجاب کی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات شازیہ رضوان نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی نمائندگی نائب صدر ناصر چوہدری نے کی۔اپنے خطاب میں سردار طاہر نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ Exotica سٹی نے پہلے زمین خریدی، این او سی لیا اور پھر سوسائٹی لانچ کی اس پر ہم چیئرمین راجہ سجاد حسین کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ یہ بڑی بات ہے کہ آپ زمین خرید کر سوسائٹی لانچ کریں۔اس موقع پر سردار طاہر نے چیئرمین راجہ سجاد، سینئر صحافی اشتیاق احمد عباسی، زائد رفیق، نجیب گل عباسی، قاسم رحمان ، ڈاکٹر افشاں ملک، شمائلہ صدیقی و دیگر کے ہمراہ کیک بھی کاٹا۔ پارلیمانی سیکرٹری حکومت پنجاب شازیہ رضوان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف پنجاب میں ہر بے گھر کو اپنے گھر میں دیکھنا چاہتی ہیں اور اس حوالے سے وزیر اعلیٰ نے خصوصی اقدامات بھی اُٹھائے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم چیئرمین Exotica راجہ سجاد حسین کی فارن انویسٹمنٹ کو پنجاب میں خوش آمدید کہتے ہیں۔پنجاب حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کریگی۔ ناصر چوہدری نے رہائشی منصوبے اور فارن انویسٹمنٹ کو اسلام آباد میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے بڑی پیش رفت قرار دیا۔ راجہ سجاد حسین کا اس موقع پر کہنا تھا کہ وہ ایسے موقع پر انوسٹمنٹ لیکر آئے ہیں جب یہ تاثر زور پکڑ رہا ہے کہ سرمایہ ملک سے باہر جا رہا ہے۔ ہم نے اس تاثر کو ختم کرنا ہے اور Exotica سٹی کا افتتاح اس کی ایک کڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مشکل وقت گزر گیا ہے اور ہم بھی انشاء اللہ بڑی معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے جا رہے ہیں۔