• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بشریٰ بی بی کی طبی بنیاد پر حاضری سے استثناء کی درخواست


اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے آج بھی 342 کے تحت جاری سوال ناموں کا جواب داخل نہیں کروایا۔

ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل میں کی جہاں بانی پی ٹی آئی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا۔

دوران سماعت بشریٰ بی بی کی طبی بنیاد پر حاضری سے ایک دن کے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی، جبکہ عدالت نے سماعت کل تک ملتوی کرتے ہوئے ملزمان سے سوالناموں پر جواب طلب کر لیا۔

دوران سماعت وکلاء صفائی نے 16 گواہان کی فہرست عدالت میں پیش کرنے کےلیے طلب کرنے کی استدعا کی۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ کسی کو عدالتی گواہ کے طور پر طلب کرنے کا اختیار عدالت کا ہے، اس درخواست پر اعتراض نہیں لیکن عدالت اسے مناسب وقت کے لیے رکھ لے۔

نیب پراسیکیوٹر نے مزید کہا کہ ضابطہ فوجداری کے مطابق گواہان کی شہادت مکمل ہونے پر ملزمان سوالات کے جواب دیتے ہیں، قانون کے مطابق ملزمان سے 342 کے سوال ناموں پر جواب طلب کیے جائیں۔

نیب پراسیکیوٹر نے یہ بھی کہا کہ ملزمان کے پاس ابھی اپنے دفاع میں گواہ پیش کرنے کا حق بھی ہے، اس وقت 16 گواہان کو طلب کرنے کا مقصد صرف کیس کو طول دینا ہے۔

عدالت نے وکلاء صفائی کی گواہان طلب کرنے کی درخواست کو مناسب وقت پر سماعت کےلیے رکھ لیا۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ہمیں ملزمہ بشریٰ بی بی کی طبی بنیادوں پر پیش درخواست پر بھی اعتراض نہیں، قانون کے مطابق درخواست کے ساتھ پلیڈر مقرر کیا جائے۔

سماعت کے دوران کمرہ عدالت میں نیب پراسیکیوٹر امجد پرویز اور سردار مظفر عباسی لیگل ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے۔

قومی خبریں سے مزید