ایتھنز (مرزارفاقت حسین ) پی جے سی (رجسٹرڈ) یونان کا جنرل باڈی اجلاس صدر بدر منیر سندھو کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں تنظیم کی حالیہ سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیالات ہوا۔ صدر بدر منیر سندھو نے اجلاس کے ایجنڈے کے ایک اہم نکتے کے طور پر 18دسمبر کو عالمی یومِ مہاجرین کے موقع پر ایک سیمینار یا کانفرنس کے انعقاد کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے مختلف امیگرنٹس کمیونٹیز کے ساتھ روابط اور اس تقریب کے ذریعے پاکستانی کمیونٹی کے مسائل کو اجاگر کرنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تقریب نہ صرف عوامی آگاہی بڑھانے کا ذریعہ بنے گی بلکہ تنظیم کی اجتماعی کوششوں کو بھی تقویت دے گی۔ اس تجویز کو تمام اراکین نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔تنظیم کے سیکرٹری جنرل مرزا رفاقت حسین نے اجلاس میں پانچ نکاتی ایجنڈا پیش کیا، جس پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اراکین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تنظیم کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قانونی اقدامات کیے جائیں تاکہ کلب کی شناخت اور ساکھ کو محفوظ رکھا جا سکے۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ یورپ میں پاکستانی صحافیوں کی پہلی تنظیم کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے خلاف منفی پروپیگنڈے میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ سرپرست اعلیٰ ارشاد احمد بٹ نے اس موقع پر کہا کہ تنظیم کے وقار کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف کئے جانے والے اقدامات کو انفرادی کی بجائے اجتماعی بنایا جائے تاکہ ان مسائل کا دیرپا اور مؤثر حل نکل سکے۔اجلاس میں شریک دیگر اراکین نے دیگر اہم امور پر گفتگو کی اور مرحوم ساتھیوں کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر اراکین نے تنظیم کے مسائل کو حل کرنے اور یکجہتی کے جذبے کے ساتھ کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔