برمنگھم( نیوز ڈیسک)نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ فلیونول سے بھرپور کوکوا مشروب تناؤ اور انتہائی چکنی غذاؤں کے مضر اثرات سے جسم کے رگوں کے نظام کو تحفظ فراہم کر سکتے ہیں۔تناؤ کے وقت میں غذاؤں کا انتخاب قلبی صحت پر تناؤ کے اثرات کو متاثر کر سکتا ہے۔ حال ہی میں یونیورسٹی آف برمنگھم میں ہونے والی ایک تحقیق میں معلوم ہوا کہ چکنائی سے بھرپور غذائیں رگوں کی کارکردگی اور دماغ تک آکسیجن کی رسائی کو متاثر کرتی ہیں۔جبکہ کوکوا اور سبز چائے میں بھرپور مقدار میں پائے جانے والے فلیونول مرکبات روزمرہ کے تناؤ میں رگوں کے نظام کو تحفظ فراہم کر سکتے ہیں۔تحقیق کی سربراہ مصنفہ روزنڈا بینہم کا کہنا تھا کہ فلیونول ایک ایسا مرکب ہیں جو مختلف پھلوں، سبزیوں، چائے اور گری دار میووں بشمول بیری اور خام کوکوا میں پائے جاتے ہیں۔