کراچی (اسٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کے ہمراہ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نےکراچی میں چار روزہ عالمی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2024ء کا افتتاح کردیا۔پولیس کے4ہزار 800 جوان سکیورٹی پر تعینات کردیئے گئے۔نمائش میں 350 غیر ملکی وفودشرکت کر رہے ہیں جبکہ نمائش میں 557 اسٹالز سجائے گئے ہیں، ایکسپو سینٹر میں 9 ہالز بنائے گئے ہیں۔ نمائش میں 224 مقامی اور 333 بین الاقوامی کمپنیز کے اسٹالز لگائے گئے ہیں۔دفاعی نمائش آئیڈیاز میں بزنس اور بزنس ٹو گورنمنٹ میٹنگ بھی ہوگی۔ اس نمائش میں جدید اور روایتی دفاعی ساز و سامان کا بھرپور مظاہرہ کیا جائے گا۔دفاعی نمائش میں اسلحہ، ٹینک، جنگی طیارے ، ہیلی کاپٹر، بحری جہاز، آبدوزیں، ڈرون، میزائل، سائبر ڈیفنس، سیٹلائٹ اور الیکٹرانک وارفیئر سسٹمز شامل ہیں۔گورنرسندھ نے مختلف ممالک کے اسٹالز پر دفاعی آلات کا معائنہ کیا ۔ گورنرسندھ نے پاک نیوی ، ایئر فورس ، آرمی کے اسٹالز پر جدید دفاعی آلات کی تعریف کی جبکہ جدید گن اور پستو ل سے فائربھی کئے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستانی معیشت مثبت اعشاریوں کی جانب گامزن ہے، ملک میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں‘پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے اور دنیا بھر میں قیام امن کے لیے اپنا منفرد کردار ادا کر رہا ہے۔ پاکستان مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے۔نمائش میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین، ترکی، ایران، یمن، چین، بھارت، جاپان، ملائیشیا، سنگاپور اور دیگر ممالک شامل ہیں۔