برمنگھم (پ ر) اسلام حقوق و فرائض کی ادائیگی پر سب سے زیادہ زور دیتا ہے۔ حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کی ادائیگی بھی از حد ضروری ہے۔جو لوگ حقوق العباد میں سستی اور کوتاہی کرتے ہیں وہ دینی شعور سے بے بہرہ اور اسلام کی مکمل ترین تعلیمات سے ناآشنا ہیں۔ حقوق العباد کی ادائیگی سے ہی ایک پرسکون معاشرہ قائم ہو سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک کشمیر برطانیہ کے نائب صدر مفتی عبدالمجید ندیم نے ہینڈز ورتھ اسلا مک سنٹر میں ہفتہ وار پروگرام سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ آج مسلمانوں کی عملی صورتحال یہ ہے کہ وہ نماز، روزہ، زکٰوۃ اور حج پر تو بہت زیا دہ زور دے رہے ہیں جو کہ ایک مثبت بات ہے لیکن ان کی اکثریت والدین، رشتہ داروں، عزیز و اقارب اور دوست واحباب کے حقوق کی پامالی کا ارتکاب کر رہی ہے۔ آج اچھے خاصے دین دار افراد بھی اپنے والدین کی خدمت کرنے کے بجائے انہیں بے یار و مددگار چھوڑ ے ہوئے ہیں۔ ایک بڑی تعداد ایسی بھی ہے جو اپنے والدین کو اولڈ ہومز کے سپرد کر چکی ہے۔ یہ رویہ کسی المیے سے کم نہیں ہے۔ جہاں تک بہن بھائیوں کا تعلق ہے، آئے روز سامنے آنے والے واقعات یہ بتا رہے ہیں کہ ہر طرف خون سفید ہوتا جا رہا ہے۔ معمولی سی جائیداد کے جھگڑوں پر قریبی عزیز ایک دوسرے کی جان کے دشمن بن چکے ہیں۔ مفتی عبدالمجید ندیم کہا کہ وقت آگیا ہے کہ مسلمان دین کی اصل کی طرف واپس آجائیں اور ایک دوسرے کے حقوق کی نگہداشت اسلام کے اصولوں کے مطابق کرنے کے لیے تیار ہوجائیں۔ علمائے کرام اور مشائخ عظام کا فرض ہے کہ وہ لوگوں کو جہاں عبادات کے بارے میں آگاہی دیتے ہیں وہیں پر انہیں حقوق و فرائض، اخلاق اور دیگر معاملات کے بارے میں بھی کھل کر بتائیں تب ہی اصلاح ہو سکتی ہے۔