کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان اگلے دو دن میں متوقع ہے ۔ آئی سی سی کی پاکستان سمیت تمام ملکوں سےمشاورت جاری ہے۔ گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھی کہا تھا کہ انہیں آئی سی سی کے جواب کا انتظار ہے۔ بھارت نہ آنے کی وجہ بتائے ، ٹورنامنٹ پاکستان ہی میں ہوگا۔ دوسری جانب بھارتی میڈیا نے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سےایک مرتبہ پھر پاکستان کیخلاف سازشی ہتھکنڈے اپنانا شروع کردیے ہیں، جیسے ہی میگا ایونٹ کے شیڈول کی تاریخ سامنے آنے والی ہے بھارتی بورڈ اپنے میڈیا کے ذریعے آئی سی سی دباؤ بڑھا رہا ہے تاکہ ایونٹ کو پاکستان سے منتقل یا ہائبرڈ ماڈل پر کروا کر اپنی دھاک بٹھا سکے۔ ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ بیک ڈور چینلز کے ذریعے پاکستان کو میزبانی ہائبرڈ ماڈل کے تحت کرانے پر رضا مند کرنے کی کوشش کی جارہی ہے تاہم پی سی بی کی جانب سے ایسی خبروں کی تردید کی گئی ہے۔