کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارت کی پاکستان دشمنی کا ایک اور ثبوت سامنے آگیا، این اوسی کیلئے حکومتی انکار کے بعد بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے 23نومبر سے ہونے والے بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا۔ بلائنڈ ٹیم کو وزارت کھیل نے این او سی جاری کیا تھا اب وزارت داخلہ اور خارجہ نے این او سی جاری کرنا تھا۔ بھارتی بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری شیلندرا یادیو کا کہنا ہے کہ ہمیں ابھی لیٹر ملنا ہے لیکن بات چیت کی بنیاد پر پاکستان نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 25 روز حکومتی اجازت کا انتظار کر رہے تھے ، ہم اب مزید انتظار نہیں کر سکتے، جب وزارت خارجہ سے فون پر بات تو انہوں نے این او سی نہ دینے کا بتایا، کہا گیا ہے کہ ہم انکار کا باضابطہ لیٹر بھی دیں گے۔ ادھر چیئرمین پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل سلطان شاہ نے کہا کہ ہمیں تاحال تحریری طور پر آگاہ نہیں کیا گیا۔ ٹورنامنٹ پروگرام کے مطابق ہوگا۔