کراچی(نیوز ڈیسک) اسرائیلی جارحیت اور بمباری سے مزید 53 فلسطینی شہید کیے گئے، مقبوضہ مغربی کنارے میں 3فلسطینی شہید کردیے گئے ، غزہ میں اقوام متحدہ کے 100امدادی ٹرک لوٹ لیے گئے۔غزہ کی وزارت صحت کے اعدادوشمار کے مطابق،اسرائیلی فوج کی غزہ میں جاری بمباری کے باعث اب تک 70فیصد فلسطینی بچوں اور خواتین سمیت کل 43972 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق اب تک اسرائیلی فوج نے 104008 فلسطینیوں کو زخمی کیا ہے۔ ان زخمیوں کے لیے غزہ میں کوئی ایک بھی اسپتال مکمل طور پر فعال نہیں ہے۔جبکہ مقبوضہ مغربی کنارے میں گزشتہ روز اسرائیلی فوجی آپریشن میں تین فلسطینی شہید کر دیے گئے۔فلسطینی و اسرائیلی حکام کے درمیان رابطہ کے دفتر انچارج کا حوالہ دیتے ہوئے گورنرکمال ابوالرب نے بتایا کہ شہید ہونے والے تینوں فلسطینیوں کی لاشیں اسرائیلی فوج کے قبضے میں ہیں اور ابھی تک ان کے اہل خانہ کے حوالے نہیں کی گئی ہیں۔دریں اثناء،اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ (یونیسیف) نے بتایا ہے کہ لبنان میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان کشیدگی کے آغاز کے بعد سے تقریباً دو ماہ کے اندر 200سے زیادہ بچے مارے گئے ہیں۔ لبنان میں روزانہ 3 سے زیادہ بچے جاں بحق ہو رہے ہیں۔اقوام متحدہ کے دو امدادی اداروں نے بتایا کہ فلسطینیوں کے لیے خوراک لے جانے والے 100ٹرکوں کو غزہ میں داخل ہونے کے بعد لوٹ لیا گیا ۔یو این آر ڈبلیو اے کی سینئر ایمرجنسی افسر لوئیس واٹریج نے کہا کہ یو این آر ڈبلیو اے اور ورلڈ فوڈ پروگرام کی جانب سے فراہم کردہ خوراک لے جانے والے قافلے کو اسرائیل نے مختصر نوٹس پر کیرم شلوم بارڈر کراسنگ کے انجان راستے سے روانہ ہونے کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہا کہ16نومبر کو قافلے کے 109 ٹرکوں میں سے 98پر حملہ کیا گیا اور کچھ ٹرانسپورٹر اس واقعے میں زخمی ہوئے، تاہم انہوں نے یہ وضاحت نہیں کی کہ یہ حملہ کس نے کیا۔انہوں نے خوراک کے بحران سے 20لاکھ سے زیادہ افراد کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہو جائے گا ۔ سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت خطے کو وسیع جنگ کی طرف دھکیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ اور لبنان میں جاری اسرائیلی جارحیت نے انسانی مصائب کو جنم دیا ہے، یہ جارحیت خطے کو وسیع جنگ کی طرف لے جا رہی ہے اور قانون اور بین الاقوامی اداروں کی ساکھ تباہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں دنیا کے ممالک کا یہ اٹل موقف ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ فوری بند کی جائے ، بغیر کسی رکاوٹ کے انسانی امداد کو پہنچنے دیا جائے، یرغمالیوں کو آزاد کیا جائے اور دو ریاستی حل کی بنیاد پر مستقل امن کی سنجیدہ پاسداری کو یقینی بنایا جائے۔ گروپ 20 کے رہنماؤں نے جاری کردہ مشترکہ بیان میں مطالبہ کیا ہے کہ غزہ اور لبنان میں ایک جامع جنگ بندی کی جائے۔ گروپ 20 کا اہم اجلاس برازیل میں منعقد ہوا۔ برازیل میں منعقدہ اجلاس میں شریک رہنماؤں نے یہ مطالبہ اجلاس کے اختتام پر کیا ہے۔ چینی صدر نے 19 ویں جی 20سربراہی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ گروپ کو اقوام متحدہ اور اس کی سلامتی کونسل میں مشرق وسطی ٰ کے حوالے سے مزید اہم کردار ادا کرنے اور بحران کے پرامن حل کے لئے تمام سازگار کوششوں کی حمایت کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مز ید کہا کہ فلسطین اسرائیل تنازع کےمسلسل چکر سے نکلنے کا بنیادی راستہ دو ریاستی حل پر عمل درآمد، فلسطینی قوم کے جائز حقوق کی بحالی اور ایک آزاد مملکت فلسطین کا قیام ہے۔