• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ حکومت کی ترکیہ اور سوئیڈن کو صوبے میں سرمایہ کاری کی دعوت

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) سندھ حکومت نے ترکیہ اور سوئیدن کو صوبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیدی۔ترجمان وزیراعلی سندھ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ترکیہ، سوئیڈن کے سفیروں اور عمان کے قونصل جنرل نے وزیراعلی ہاؤس میں الگ الگ ملاقاتیں کیں جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ملاقات کے دوران ترکیہ کے نئے سفیر عرفان نیزیروگلو کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کو اپنا گھر سمجھیں کیونکہ ترکیہ کے ساتھ ہمارے خصوصی تعلقات ہیں۔ترک سفیر نے کہا کہ ترکی کی ٹاپ کمپنیاں آئیڈیاز نمائش 2024میں شرکت کیلئے پاکستان آئی ہیں، پاکستان ترک عوام اور حکومت کیلئے بہت اہم ہے۔مراد علی شاہ نے ترکش کمپنیز کو انرجی، کول مائننگ ودیگر منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سندھ میں گیس، پیٹرول، کوئلہ اور قدرت کی لازوال نعمتیں بڑی مقدار میں موجود ہیں۔ ملاقات میں طے ہوا کہ وزیراعلی کے معان خصوصی قاسم نوید ترکش سفیر کیساتھ رابطہ کرینگے۔ دریں اثنا وزیراعلی سندھ سے سویڈن کی سفیر مس الیگزینڈ را برگ وون لِنڈے نے ملاقات کی، سوئڈش سفیر کا پاکستان تعیناتی کے بعد یہ کراچی کا پہلا دورہ ہے۔سوئیڈش سفیر نے کہا کہ پاکستان اور سوئیڈن کے سفارتی تعلقات کو 75برس مکمل ہوگئے ہیں، کراچی دورے کا مقصد سرمایہ کاری کے مواقع کی تشخیص کرنا ہے۔ انہوں نے وزیراعلی سندھ کو پنک بس چلانے پر مبارکباد دی۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ سوئیڈن اور پاکستان کے درمیان تجارت کم ہوتی جارہی ہے جسے فروغ دینے کیلئے سوئیڈش سفیر اپنا کردار ادا کریں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ کچھ سوئیڈش کمپینز پاکستان میں کام کر رہی ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے مزید سوئیڈش کمپنیز کو سندھ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔وزیراعلی سندھ کو آگاہ کیا گیا کہ سوئیڈش کمپنیاں ونڈ انرجی ، سولر انرجی اور واٹر مینجمنٹ پروجیکٹس میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے سندھ کے عوام کو پینے کے صاف پانی اور سستی بجلی کی فراہمی کو اپنی حکومت کی ترجیحات کا تعین کیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ تعلیم، صحت کی بہتری پر توجہ مرکوز کی ہے۔ وزیراعلی سندھ سے عمان کے قونصل جنرل انجنیئر سمیع عبداللہ الخنجاری نے بھی ملاقات کی اور وزیراعلی کو عمان کے قومی دن کے پروگرام کی دعوت دی۔مراد علی شاہ نے کہا کہ عمان نہ صرف ہمارا برادر ملک ہے بلکہ جغرافیائی طور پر قریبی سلطنت ہے، وزیراعلی نے قونصل جنرل کو عمان کے قومی دن کی پیشگی مبارکباد دی۔ علاوہ ازیں عالمی یوم اطفال کے موقع پر وزیراعلی سندھ مراد علیٰ شاہ نے آٹزم اور دیگر معذوریوں کا شکار بچوں کے مرکز اجالا سنٹر کا دورہ کیا اور اجالا سنٹر اور محکمہ برائے معذور افراد کی شراکت سے ڈیفنس فیز 8میں اجالا 2قائم کرنے کا اعلان کردیا۔ مراد علی شاہ نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت سندھ خصوصی بچوں کی ضروریات پوری کرنے کیلئے پرعزم ہے تاکہ جامع سماج کی تشکیل ممکن بنائی جاسکے۔ وزیراعلی کا کہنا تھا کہ جامع سندھ خوشحال سندھ ، برابر کے مواقع ہر بچے کا حق ہے۔ چیئرمین اجالا سنٹر ذکریا گوندل اور سی ای او حماد اسلم نے وزیراعلی سندھ کا استقبال کیا۔ وزیراعلی سندھ نے اجالا سنٹر کے دورے کے دوروان کلفٹن میں خصوصی بچوں کیلیے الگ پارک بنانے کا اعلان کیا۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے بدھ کو کراچی میں اجالا سنٹر کا دورہ کیا۔

اہم خبریں سے مزید