کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوارنے کمیٹی کے چیئرمین سید حفیظ الدین کی سربراہی میں جمعرات کو انڈس موٹر کمپنی (IMC) کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد کمپنی کی آپریشنز کے بارے میں جامع بریفنگ لینا تھا۔ وفد نے IMC کے جدید ترین پلانٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے جدید پیداواری عمل، لوکلائزیشن کی کوششوں، اور حالیہ کامیابیوں کا مشاہدہ کیا۔وفد میں قومی اسمبلی کے اراکین شاہد عثمان، کرن عمران، ڈاکٹر مہیش کمار ملانی، عبدالحکیم بلوچ، ناز بلوچ، محمد اقبال خان، محمد سعد اللہ۔ محمد ارشد ساہی اور ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو نے ورچوئلی شرکت کی۔ اس وفد کے ساتھ وزارت صنعت و پیداوار کے اضافی سیکریٹری اسد اسلام ملہانی اور چیف ایگزیکٹو آفیسر، انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ، انجینئر خدا بخش بھی موجود تھے۔اس موقع پر انڈس موٹر کمپنی نے پاکستان کے آٹوموٹو سیکٹر میں لوکلائزیشن کے اپنے عزم کو دہرایا اور 2024میں مزید 4.1ارب روپے کی سرمایہ کاری کا اعادہ کیا۔