کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ “ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نےکہا ہے کہ حکومت نے بیرسٹر گوہر یا گنڈا پور کو کوئی دلاسہ نہیں دیا،حکومت کو اس وقت پی ٹی آئی کے احتجاج سے کوئی خوف نہیں،پی ٹی آئی کی انتشار کی کوشش کا یہ آخری راؤنڈ ہوگا،ایڈیٹر انویسٹی گیشن دی نیوز، انصار عباسی نےکہا کہ حکومت کی جانب سے کہا گیا تھا کہ جمعہ تک ہم عمران خان کی رہائی نہیں کرسکتے ،آئندہ چند ہفتوں میں رہائی کے امکانات ہوسکتے ہیں،عمران خان کا احتجاج کا جو طریقہ ہوتا ہے اس کا ہدف پاکستانی معیشت ہوتی ہے۔وزیر دفاع خواجہ آصف نےکہا کہ خیبرپختونخوا حکومت ایک بار پھر پنجاب اور اسلام آباد پر حملہ آور ہورہی ہے۔ اس صورتحال میں حکومت سے پی ٹی آئی کو ریلیف دینے کی توقع نہیں ہونی چاہئے۔اس وقت پی ٹی آئی کے احتجاج کی کامیابی کے دور دور تک آثار نہیں۔حکومت نے کسی مرحلے پر بیرسٹر گوہر یا گنڈا پور کو نہیں کہا کہ بانی رہا ہورہے ہیں۔ایپکس کمیٹی میں کھل کر بات ہوئی ایسی کوئی بات ہوتی تو وہاں ہوجاتی۔حکومت نے بیرسٹر گوہر یا گنڈا پور کو کوئی دلاسہ نہیں دیا۔حکومت کو اس وقت پی ٹی آئی کے احتجاج سے کوئی خوف نہیں ۔پی ٹی آئی کی انتشار کی کوشش کا یہ آخری راؤنڈ ہوگا۔اس وقت بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہماری کوئی انگیج منٹ نہیں ہے۔بانی پی ٹی آئی نے صورتحال کو غلط سمجھا تو یہ ان کا قصور ہے ، ہمارا نہیں۔آپ کنپٹی پر پستول رکھ کر مذاکرات نہیں کرسکتے۔ایپکس کمیٹی میں آرمی چیف نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے کیا کہا؟تحریک عدم اعتماد کے بعد بانی پی ٹی آئی نے جتنے جلسے کئے انہیں اجازت دی گئی،ایپکس کمیٹی میں آرمی چیف نے وزیراعلیٰ پر واضح کیا کہ انتشار کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ایپکس کمیٹی میں آرمی چیف نے کہا کہ احتجاج اور وائلنس میں فرق معلوم ہے۔