راولپنڈی (خصوصی نمائندہ)راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے ڈین آف پیڈ یاٹرکس پروفیسر ڈاکٹر رائے محمد اصغر نے کہا ہے کہ پولیو ایک لاعلاج مرض ہے اور اس سے بچاؤ صرف ویکسین سے ہی ممکن ہے ۔والدین اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر ان کا مستقبل محفوظ کریں۔ انہوں نے یہ بات پولیو ورکرز کو تعارفی اسناد دینے کے حوالے سے تقریب سے خطاب میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں اصل ہیرو ہمارے پولیو ورکرز ہیں ۔ اجلاس میں محترمہ طاہرہ اورنگزیب ،محترمہ عظمیٰ کاردار،ڈی سی راولپنڈی حسن وقار چیمہ ،ڈاکٹر احسان غنی،ڈاکٹر آصف اور علمائے کرام کے علاوہ کثیر تعداد میں پولیو ورکرز نے شرکت کی ۔ڈاکٹر رائے محمد اصغر نے کہا کہ اس سال پولیو کے پچاس کیس ہو چکے ہیں ۔جو ویکسین نہ دینے کی وجہ سے ہوئے ۔پولیو کے مرض سے بچہ مستقل طور پر معذور ہو جاتا ہے ۔والدین اپنے بچوں کو پولیو کے قطروں کے ساتھ باقی حفاظتی ٹیکوں کا کورس بھی مکمل کروائیں اس سے ہزاروں بچوں کی جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔