اسلام آباد( نیوز رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے اسلام آباد میں بنیادی صحت کے یونٹس ، دیہی صحت کے مراکز سمیت کیپیٹل ہسپتال کی اپ گریڈیشن اور صحت کی بہتر سہولیات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ ڈی ایچ او نے اجلاس کو صحت کی سہولیات اور صحت کے مراکز کی موجودہ صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہیلتھ کیئر تک بہتر رسائی کی ضرورت پر زور دیا اور دیہی صحت کے مراکز اور بنیادی صحت کے یونٹس کی اپ گریڈیشن کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سی ڈی اے ہسپتال کو شمسی توانائی (سولر) پر منتقل کرنے کی بھی ہدایت کی۔ دریں اثناء چیئرمین سی ڈی اے سے فنکار و مجسمہ ساز جمال شاہ نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں شہر کی خوبصورتی کے لئے جاری مختلف بیوٹفکیشن اقدامات اور آئیڈیاز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔