پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکار احد رضا میر نے ساتھی اداکارہ رمشا خان سے تعلقات کی گردش کرنے والی افواہوں پر خاموشی توڑ دی۔
حال ہی میں اداکار نے صحافی ملیحہ رحمٰن کو انٹرویو دیتے ہوئے مختلف امور پر بات چیت کی۔
دورانِ انٹرویو اداکار سے سوال کیا گیا کہ اکثر سوشل میڈیا پر آپ کی کسی نہ کسی اداکارہ کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوتی رہتی ہیں، جس پر صارفین مختلف چہ مگوئیاں کر رہے ہیں، کیا آپ اس معاملے پر بات کرنا چاہیں گے؟
انہوں انتہائی محتاط انداز سے کسی اداکارہ کا نام لیے بغیر کہا کہ میں کسی کو یہ بتانے کا پابند نہیں ہوں کہ میں اس وقت تنہا زندگی گزار رہا ہوں یا کسی کے ساتھ تعلقات میں ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ لوگوں کو میری ذاتی زندگی میں کوئی دلچسپی ہو گی، میں خود بھی اپنی ذاتی زندگی کو پرائیویٹ رکھنے کا عادی ہوں، چاہتا ہوں کہ ذاتی زندگی سامنے نہیں آئے۔
احد رضا میر نے کہا کہ لوگ تصاویر اور ویڈیوز دیکھ کر جو سوچنا چاہیں سوچیں، میں اپنے تعلقات اور نجی زندگی میں کسی کو وضاحت دینے کا پابند نہیں ہوں اور نہ ہی چاہتا ہوں کہ میڈیا پر اس حوالے سے کوئی بات ہو۔
واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے احد رضا میر کی اداکارہ رمشا خان کے ساتھ بیرونِ ملک سیر سپاٹوں کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں، جن سے ظاہر ہو رہا ہے کہ دونوں کافی قریب ہیں۔