• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چمچماتی چیمپئنز ٹرافی کی کراچی کے مختلف مقامات پر رونمائی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی کی چمچماتی ٹرافی کو جمعہ کے روز کراچی کے مختلف مقامات پر لے جایا گیا۔

تین روز کراچی کے مختلف مقامات پر دورے کے بعد شہر میں ٹرافی ٹور مکمل ہوگیا ہے، جس کے بعد ٹرافی کو اب لاہور لے جایا جائے گا، تاہم وہاں ٹرافی کی فی الحال ایکٹیوٹی پلان میں شامل نہیں۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی ٹرافی کو بدھ کے روز کراچی لایا گیا تھا، بدھ کو کراچی کی تاریخی فوڈ اسٹریٹ برنس روڈ سے شروع ہونے والا یہ سفر کھانے کی ایک اور مشہور جگہ پورٹ گرانڈ پر اختتام پذیر ہوا۔

جمعہ کو کراچی میں ٹرافی کو مختلف جگہوں پر لے جایا گیا، صبح ٹرافی کو ڈیفنس کے 2 مختلف کالجز لے جایا گیا، ایک کالج میں سابق کپتان سرفراز احمد بھی موجود تھے جنہوں نے طلبا سے 2017 چیمپئنز ٹرافی کی یادیں شیئر کیں، طلبا نے اس موقع پر ٹرافی کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔

اس کے بعد ٹرافی کا ایک فوٹو شوٹ مزار قائد پر ہوا، ٹرافی کو کے ایم سی کی تاریخی مرکزی عمارت بھی لے جایا گیا، جہاں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب اور صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے ٹرافی کا استقبال کیا اور تصاویر بھی بنوائیں، اس تاریخی عمارت پر بھی ٹرافی کا فوٹو شوٹ ہوا۔

ٹرافی کو کراچی کے ایک اور تاریخی مقام موہٹا پیلیس بھی لے جایا گیا، جہاں وزیر ثقافت ذوالفقار علی شاہ بھی موجود تھے، انہوں نے بھی ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔

صوبائی وزیر کھیل محمد بخش مہر کی ٹرافی کے ساتھ تصویر بنانے کی خواہش نیشنل اسٹیڈیم میں پوری ہوئی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے لئے تیار ہے۔

بعد ازاں ٹرافی کو پورٹ گرانڈ لے جایا گیا جہاں اسے عوامی نمائش کےلئے رکھا گیا، فینز کی بڑی تعداد نے ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی یہ ٹرافی شیڈول سے 2 روز قبل بدھ کو ہی کراچی پہنچا دی گئی تھی اور کل ٹرافی کو کراچی سے روانہ کردیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق فی الحال ٹرافی کو لاہور لے جایا جارہا ہے تاہم وہاں کوئی ایونٹ فی الحال طے نہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید