پرتھ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے خلاف بھارت کی پوزیشن مضبوط ہوگئی ہے۔
دوسرے دن کھیل کے اختتام پر بھارت نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 172 رنز اسکور کرکے 218 رنز کی برتری حاصل کرلی تھی۔
آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 104رنز بناکر آؤٹ ہوئی، میچ کے دوسرے دن آسٹریلیا نے 67 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ سے اننگز کا آغاز کیا اور بقیہ کھلاڑی 37 رنز کا اضافہ کرکے پویلین چلے گئے۔
مچل اسٹارک 26 اور ایلکس کیری 21 رنز بناکر نمایاں رہے، بھارت کی جانب سے جسپریت بھمرا نے 5، ہرشیت رانا نے 3 اور محمد سراج نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
46 رنز کی برتری کے ساتھ دوسری اننگز شروع کرنے والی بھارتی ٹیم کے اوپنرز نے شاندار کھیل پیش کیا، یش اسوی جسوال اور کے ایل راہول نے آسٹریلوی بولرز کا نہ صرف ڈٹ کر مقابلہ کیا بلکہ کوئی وکٹ بھی نہیں گرنے دی۔
دوسرے دن کا کھیل جب ختم ہوا تو بھارت نے بغیر کسی نقصان کے 172رنز بنالیے تھے، یش اسوی جسوال 90 اور راہول 62 رنز پر ناقابل شکست تھے، میچ میں بھارت کو مجموعی طور پر 218 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔