دبئی (اے پی پی) دبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد نے سوشل میڈیا گروپ پاکستانی ان دبئی (پی آئی ڈی) میں 2 لاکھ پاکستانیوں کی رکنیت کے حصول کے حوالہ سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ہفتہ کو یہاں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کی جانب سے موصولہ ایک پریس ریلیز کے مطابق عجمان میں ’’پی آئی ڈی بزنس سمٹ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے اراکین، کاروباری رہنماؤں اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔قونصل جنرل حسین محمد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کو متحد کرنے والے ایک مرکز میں ارتقاء کے لیے ’’پاکستانی ان دبئی‘‘ کی تعریف کی۔ قونصل جنرل نے پلیٹ فارم کے منتظمین کی کی لگن کو سراہا اور متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کا ڈیٹا بینک بنانے کی تجویز پیش کی تاکہ مشغولیت اور تعاون کو بڑھایا جا سکے۔