کراچی(اسٹاف رپورٹر) سینئر سیاست داں اور مسلم لیگ کے سابق سیکریٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ملک کے مفاد میں احتجاج کی سیاست چھوڑ کر وطن کی سلامتی کی سیاست کرے، بشری بی بی کا بیان پاکستان کو ان ملکوں کے سامنے تنہا کرنا ہے جنہوں نے ڈیفالٹ کی صورت حال سے پاکستان کو باہر نکالا، سعودی عرب کے خلاف بیان دے کر انہوں نے ملک دشمنی کا کھلم کھلا مظاہرہ کیا،جس میں بانی پی ٹی آئی کی مشاورت شامل ہے، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت سے مذاکرات کرے،کسی اور ادارے کو ملکی سیاست میں ملوث نہ کرے،عمران خان کی سیاست جمہوری نظام کو نقصان پہنچانے سے زیادہ ملک کو تباہ کرنے کی سازش کا حصہ ہے، حکومت میں رہ کر وہ مکمل طور پر ناکام سیاست داں ثابت ہوئے اور اب وہ انتشار پھیلا کر ملک کی معاشی صورت حال کو بد سے بدتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔