کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کے چیف ایگزیکٹو افسر ڈاکٹر سمیع اللہ کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے لوگوں کی صحت کی معیاری خدمات تک رسائی کو مزید بہتر بنانے کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔یہ بات انہوں نے بلوچستان ہیلتھ کارڈ پروگرام کی رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، اجلاس میں نادرا اور اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان کے افسران نے بھی شرکت کی ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی میں ایک کواٹرنری کیئر ہسپتال کو پینل میں شامل کیا جائے گا تاکہ ان مریضوں جن کا علاج بلوچستان میں ممکن نہیں ان کو دیکھ بھال کی خدمات فراہم کی جائیں ،پینل اسپتالوں میں استقبالیہ ڈیسک پر تعینات ہیلتھ فیسیلٹی آفیسرز مخصوص یونیفارم پہنیں گے اور ہیلتھ کارڈ پروگرام کے تحت اسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو خصوصی دیکھ بھال اور مدد فراہم کریں گے۔ صحت کی سہولیات ہر استقبالیہ ڈیسک پر نمایاں طور پر آویزاں کی جائیں گی۔ بی ایچ سی پی کے بارے میں عوامی آگاہی مہم جلد تیار کرکے مقامی زبانوں میں پھیلائی جائے گی تاکہ ہیلتھ کارڈ کی سہولیات تک ہر ایک کی رسائی کو ممکن بنایا جاسکے ۔ ڈاکٹر سمیع اللہ کاکڑ نے کہا کہ نادرا کو صوبے کے دوردراز علاقوں میں موبائل رجسٹریشن وین تعینات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ شناختی کارڈ ، نکاح نامہ اور بی فارم کے اجرا میں آسانی ہو ۔ انہوں نے کہا کہ جن مریضوں کو ٹیومر کے علاج کی ضرورت ہو انہیں سینار اور بی ایم سی اسپتال میں علاج سہولت فراہم کی جائے گی ۔