کوئٹہ(پ ر)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما محمد رحیم کاکڑ، جمیل بوستان ایڈووکیٹ، میر وائس ایڈووکیٹ، احمد شاہ ایڈووکیٹ، عمر فاروق ایڈووکیٹ، نعمت اللہ، ضیاء الحق، امین آغا، ارشد اچکزئی، توقیر بھٹی و دیگر نے بیان میں کہا ہے کہ حکومت جان بوجھ کر پی ٹی آئی کے پرامن احتجاج کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے ملک بھرمیں پی ٹی آئی کے قائدین اورکارکنوں کی گرفتاریوں اور راستے بند کرنے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے پاکستان تحریک انصاف حقیقی آزادی اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی تک اپنا احتجاج جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے 24نومبرکو اسلام آباد ڈی چوک پراحتجاج کی کال دی جس کے بعدوفاقی اورصوبائی حکومتیں بوکھلاہٹ کا شکارہوکر ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہیں پورے ملک میں پارٹی قائدین اورکارکنوں کے خلاف نہ ختم ہونے والا کریک ڈاؤن کا سلسلہ شروع کردیا گیا مگر قائدین اورکارکن ایسے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہونگے ۔انہوں نے کہاکہ چیئرمین عمران خان کی رہائی کے احکامات کے باوجود حکومت کا انہیں بے بنیاد مقدمے میں دوبارہ گرفتارکرنا حکومتی بوکھلاہٹ ظاہر کررہا ہے ۔وہ دن دور نہیں جب پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان تمام بے بنیاد اور جھوٹے مقدمات میں سرخرو ہوں گے۔